مالیگاؤں (پریس ریلیز) بارہویں سائنس کے بعد انجینئرنگ اور فارمیسی ڈگری کورسیس میں داخلے کیلے لازمی امتحان مہاراشٹر اسٹیٹ کامن انٹرنس ٹیسٹ (MHT-CET) 9 ، اپریل 2025 سے شروع ہو رہا ہے۔ اس امتحان میں ہر سال لاکھوں طلبہ شریک ہوتے ہیں۔ بعد ازاں کالجوں اور کورسیس کا انتخاب اس امتحان میں حاصل کردہ نمبرات کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ مالیگاؤں شہر واطراف سے ہر سال ہزاروں کی تعداد میں طلبہ اس امتحان میں شریک ہوتے ہیں اور ان طلبہ کے امتحانی مراکز مختلف شہروں دھولیہ، ناسک ، پونے اور ممبئی میں ہوتے ہیں۔
شہر مالیگاؤں کیلئے خوشی کا مقام ہیکہ امسال جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی ( منصورہ) کے زیر انصرا م جاری مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس (MMANTC) میں حکومت مہاراشٹر کی جانب سے سی ای ٹی سینٹر کو منظوری حاصل ہوئی ہے۔ اب شہر واطراف کے طلبہ جن کے نام مالیگاؤں سی ای ٹی سینٹر پر ظاہر ہوئے ہیں انھیں منصورہ انجینئرنگ کالج میں سی ای ٹی امتحان(PCB) گروپ کیلئے 9 ، اپریل سے 17 ، اپریل 2025 اور سی ای ٹی امتحان (PCM) گروپ کیلئے 19، اپریل سے 27، اپریل 2025کے درمیان مقررہ تاریخ پر ہی دینا ہے۔
ادار ہ جامعہ محمدیہ کے چیئرمن جناب ارشد مختار کی ایماء پر اور سیکریٹری جناب راشد مختار کی قیادت اور پرنسپل ڈاکٹر شاہ عقیل احمد کی رہنمائی میں سی ای ٹی سینٹر کی منظوری حاصل کی گئی۔ سی ای ٹی سینٹر کی منظوری کیلئے سرکاری سطح پر درکار ضروری کاروائیوں کو پورا کرتے ہوئے منصورہ انجینئرنگ کالج کو سی ای ٹی سینٹر قائم کیا گیا ۔ منصورہ انجینئرنگ کالج میں قائم سی ای ٹی سینٹر پر صبح و دوپہر کی شفٹ میں 4 ہزار سے زائد طلبہ امتحان شریک ہونگے۔ منصورہ انجینئرنگ کالج میں طلبہ کیلئے 220 کمپیوٹر پر مبنی 9 کمپیوٹر لیب ، انٹر نیٹ اور دیگرسہولیات فراہم کی گئی ہے۔
منصورہ انجینئرنگ کالج میں سی ای ٹی سینٹر قائم کرنے میں ڈاکٹر سلمان بیگ ( ڈین اکیڈمکس)، پروفیسر فیضان احمد ، ڈاکٹر دلاور حسین، ڈاکٹر ساجد نعیم، پروفیسر سعود محوی اور ٹیکنیکل اسٹاف نے بھرپور تعاون پیش کیا۔