کھام گاؤں(واثق نوید) جامع مسجد پیپل گاؤں راجہ میں بعد نمازِ عشاء مسجد پریچے (تعارفی پروگرام) اور عید ملن کا روح پرور و مؤثر پروگرام منعقد کیا گیا،
جس میں 150 سے زائد وطنی و ملی بھائیوں نے شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد اسلام کے بنیادی عقائد، عبادات اور مسجد کی اہمیت کو برادرانِ وطن تک بہتر انداز میں پہنچانا اور عید کے موقع پر محبت و بھائی چارے کو فروغ دینا تھا۔
پروگرام کا آغاز مفتی عامر اللہ خان کی تلاوتِ کلامِ پاک اور مراٹھی ترجمے سے ہوا،
جس کے بعد ناظم ضلع سہیل فرقان نے پروگرام کی غرض و غایت جامع انداز میں پیش کی۔ صدرِ مجلس پروفیسر واجد علی خان نے رمضان المبارک، روزہ، مسجد اور نماز کے پس منظر میں اسلام کے متعلق پائی جانے والی عام غلط فہمیوں پر روشنی ڈالی اور برادرانِ وطن کے ذہنوں میں موجود شبہات کو علمی و حکیمانہ انداز میں دور کیا۔
مہمانانِ خصوصی نتن سوریا ونشی اور بھوپڈے سر نے اپنے تاثرات میں پروگرام کی ستائش کرتے ہوئے اسے بین المذاہب ہم آہنگی کی کامیاب کوشش قرار دیا۔
مقامی امیر محمد زبیر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا، جبکہ جامع مسجد کے متولی عبد السلیم انعامدار بطور مہمانِ خصوصی شریک رہے۔
پروگرام کے اختتام پر شرکاء کی شیر خورمہ سے تواضع کی گئی۔
اس کامیاب اجتماع کے انعقاد میں ایس آئی او، یوتھ موومنٹ اور جماعت اسلامی کے کارکنان و وابستگان نے نمایاں کردار ادا کیا۔ نظامت کے فرائض نثار اختر نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔
یہ پروگرام نہ صرف دینی و سماجی لحاظ سے اہمیت کا حامل رہا بلکہ پیغامِ محبت، رواداری اور اخوت کو عام کرنے کا مؤثر ذریعہ بھی ثابت ہوا۔