
کھام گاؤں (واثق نوید) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اصلاحِ معاشرہ کمیٹی علاقہ برار کے تحت "تحفظ اوقاف کانفرنس" کا انعقاد مؤرخہ 23 اپریل 2025 بروز بدھ بعد نمازِ مغرب مسجد ابوبکر، زم زم نگر، شیگاؤں میں کیا گیا۔ اس اہم اجلاس کی صدارت مولانا محمود بیگ اشرفی (کنوینر علاقہ برار) نے کی۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعتیہ کلام سے ہوا۔ ابتدائی گفتگو مولانا عرفان سنگرام پوری (آرگنائزر اصلاحِ معاشرہ کمیٹی) نے کی، جنہوں نے اجلاس کے مقاصد اور لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد ڈاکٹر انصار (جماعتِ اسلامی ، شیگاؤں) نے وقف کے مسئلے پر خطاب کرتے ہوئے حکومت کی نیت اور موجودہ ترمیمات پر سوال اٹھایا۔ ایڈوکیٹ آفاق صاحب (شیگاؤں) اور ایڈوکیٹ ذکاء اللہ صاحب زیڈ۔بی۔شیخ (کھام گاؤں) نے وقف قانون کی پیچیدگیوں اور ممکنہ قانونی و سماجی اثرات کا جائزہ لیا۔
مولانا مفتی محمد انیس الدین اشرفی (پاتورڈوی) نے آئینی دفعات کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ موجودہ تبدیلیاں آرٹیکل 14، 25، 26، 29 اور 30 سے متصادم ہیں، اور یہ دین میں کھلی مداخلت ہے۔ مولانا سید سلیم ندوی (مہتمم دارالعلوم دھارنی) نے شرکاء کو قرآن و حدیث کی روشنی میں مسئلہ کے حل کی ترغیب دی،
جبکہ صدارتی خطاب میں مولانا محمود بیگ اشرفی نے 30 اپریل کو ملک گیر "بتی گل احتجاج" میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔
اجلاس کی نظامت مولانا مفتی صبغت اللہ خان ندوی (کنجیرہ) نے کی اور دعا پر مولانا سید افسر اشرفی (مہتمم مدرسہ ضیاء العلوم، پاتورڈا) نے اجلاس کا اختتام کیا۔
اس موقع پر متعدد علمائے کرام، دانشورانِ ملت اور سماجی شخصیات موجود تھیں جن میں مولانا سہیل عطاری، مولانا نعمت اللہ حسینی، مفتی انضمام حسین اشرفی، مفتی سید فیضان شیگاؤں، مولانا عبدالرشید ندوی، اور حاجی احمد صاحب (فروٹ مرچنٹ، شیگاؤں) کے نام قابل ذکر ہیں۔