کھام گاؤں (واثق نوید) کھام گاؤں پنچایت سمیتی کے تحت اٹالی میں واقع ضلع پریشد اردو مڈل اسکول میں عید ملن کا پروگرام جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ کمیٹی کے صدر ساجد دیشمکھ، گرام پنچایت کے نائب سرپنچ، اسکول انتظامیہ کمیٹی کے رکن توصیف دیشمکھ، اور ضلع پریشد مراٹھی مڈل اسکول کے صدر مدرس جئے کمار چنچولکر بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
پروگرام کی ابتدا ان طلبہ کے اعزاز میں کی گئی جنہوں نے رمضان المبارک کے دوران مکمل روزے رکھے۔ ان کا پرجوش استقبال کیا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ بعد ازاں تمام طلبہ، مہمانانِ گرامی اور مراٹھی اسکول کے عملے کی شیر خورمہ اور دیگر لذیذ اشیاء سے ضیافت کی گئی۔
طلبہ نے موقع کی مناسبت سے عید کے نئے کپڑے زیب تن کیے، جس سے اسکول کا ماحول خوشی و مسرت سے بھر گیا اور ہر طرف ایک خوبصورت منظر دیکھنے کو ملا۔ اس نوعیت کا پروگرام اسکول میں پہلی بار منعقد کیا گیا،
جسے مقامی افراد، طلبہ و سرپرستوں نے خوب سراہا۔
پروگرام کی کامیابی میں اسکول کے صدر مدرس واثق اللہ خان نے کلیدی کردار ادا کیا، جب کہ معاونین جلیل ارشد خان، سرفراز احمد خان، محمد ندیم، شیخ متین، نرگس باجی، اور مقامی آنگن واڑی کی شبانہ باجی و ریحانہ باجی نے بھرپور تعاون فراہم کیا۔
اس موقع پر عید ملن کے ذریعے گاؤں میں بھائی چارے اور میل جول کا ایک خوبصورت پیغام عام ہوا، جس کی ہر جانب ستائش کی جا رہی ہے۔