کھام گاؤں (واثق نوید) تعلیم و تحریک کا حسین امتزاج لیے ایک اہم تقریب کا انعقاد یاشفن ایجوکیشنل اینڈ ملٹی پرپز سوسائٹی کے زیر اہتمام 20 اپریل 2025 بروز اتوار کو کیا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک سٹی اسکول (اسکول نمبر 1)، ملکاپور میں منعقد ہوگا۔
تقریب میں علمی، ادبی اور سماجی میدان کی ممتاز شخصیات بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوں گی، جن میں معروف اردو شاعر ڈاکٹر قاسم امام، ایسوسی ایشن آف مسلم پروفیشنلس (AMP) کے صدر عامر ادریسی، ایم ایل ایچ ٹرسٹ کی بانی ڈاکٹر زینب النساء ملک، اور ادبی رسالہ "گل بوٹے" کے مدیر فاروق سیّد شامل ہیں۔
اس موقع پر AMP
کے صدر عامر ادریسی کو 2024 کی 100 بااثر مسلم شخصیات میں شامل کیے جانے پر تہنیتی اعزاز پیش کیا جائے گا۔ ملکاپور کے نو منتخب ایم بی بی ایس ڈاکٹروں کی خصوصی حوصلہ افزائی و اعزازات کی تقریب منعقد ہوگی۔
منتظمین کے مطابق اس پروگرام کا مقصد نہ صرف تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے بلکہ نوجوان نسل کو کامیابی کے سفر میں رہنمائی اور تحریک فراہم کرنا بھی ہے۔ پروگرام کے لیے مقامی عوام، والدین، اساتذہ اور طلبہ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، تاکہ وہ علمی شخصیات سے استفادہ کر سکیں اور کامیاب نوجوانوں کی پذیرائی میں شریک ہوں۔
