کھام گاؤں (واثق نوید) سنگرام پور تعلقے کے وروٹ کھنڈے راو کے رہائشی، ایک کسان خاندان میں پیدا ہونے والے شمشیر قدیر شیخ نے اپنی محنت، لگن اور عزم کی بدولت تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔
شمشیر قدیر شیخ نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی گاؤں وروٹ کھنڈے راو میں مکمل کی، جبکہ دسویں جماعت تک کی تعلیم ضلع پریشد ہائی اسکول پاتورڈہ میں حاصل کی۔
اس کے بعد انہوں نے سنت نگری شےگاؤں گجانن مہاراج انجینئرنگ کالج سے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ لیکن وہ یہیں نہیں رکے بلکہ مزید تعلیم کے لیے آگے بڑھتے ہوئے پونے سے ماسٹرز مکمل کیا۔
حالیہ دنوں میں انہوں نے "دی پرفارمنس انیلیسز آف کوجنریشن ان شوگر انڈسٹری: این ایفیکٹیو سورس آف رینیوایبل انرجی" کے عنوان سے تحقیق مکمل کی اور اسی موضوع پر بین الاقوامی سطح پر 6 اور قومی سطح پر 2 تحقیقی مقالے تحریر کیے۔
ان کی اس محنت کی بدولت انہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا، جو کہ سنگرام پور تعلقے کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔
ڈاکٹر شمشیر قدیر شیخ اس وقت ڈاکٹر وٹھل راؤ وکھے پاٹل انجینئرنگ کالج، احمد نگر میں ایسوسی ایٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پی ایچ ڈی اور پیٹنٹ کے اعزاز پر انہیں ادارے کی جانب سے ایک خصوصی تقریب میں سراہا گیا۔
ان کی اس کامیابی پر پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور مختلف سماجی و تعلیمی حلقوں میں ان کی زبردست ستائش کی جا رہی ہے۔