اُردو لیکس
حادثاتی طور پر ایک نوجوان کی آنکھ میں اسکرو ڈرائیور دھنس گیا، جسے سکندرآباد کے گاندھی اسپتال کے ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کے ذریعے نکال دیا۔
تفصیلات کے مطابق،م ضلع میدک کے منوہرآباد منڈل کے کوچارم گاؤں سے تعلق رکھنے والا رنجیت ایک الیکٹریکل مکینک ہے۔ 8 اپریل کو وہ مرمت کا کام کر رہا تھا کہ اچانک اسکرو ڈرائیور اس کی دائیں آنکھ میں گہرائی تک گھس گیا۔خاندان والے فوراً اسے بنجارہ ہلز میں ایک پرائیویٹ آئی اسپتال لے گئے۔
ڈاکٹروں کے مشورے پر اگلے دن اسے نِمس اسپتال منتقل کیا گیا۔ نِمس کے ڈاکٹروں نے معاملہ کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے 10 اپریل کو رنجیت کو گاندھی اسپتال رجوع کیا۔
گاندھی اسپتال کے ڈاکٹروں نے ٹیسٹ کرنے کے بعد بتایا کہ آنکھ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اسکرو ڈرائیور صرف اوپری حصے میں پھنسا ہوا تھا۔
اسے نیورو سرجری شعبے میں منتقل کیا گیا، جہاں تقریباً دو گھنٹے طویل آپریشن کے بعد اسکرو ڈرائیور کو کامیابی سے نکال لیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے منگل کے روز بتایا کہ رنجیت کی حالت بہتر ہے اور جلد ہی اسے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔