کھا م گاؤں (واثق نوید) جماعت اسلامی ہند، ناند ورہ کے زیرِ اہتمام ایک پروقار اور بامقصد "سَـد بَـھاوَنا عید ملن" پروگرام کا انعقاد چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹاؤن ہال، ناندو رہ میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر مختلف مذاہب، اداروں اور طبقات سے تعلق رکھنے والے معززین کی بھرپور شرکت نے اتحاد، اخوت، اور بین المذاہب ہم آہنگی کا بہترین نمونہ پیش کیا۔
پروگرام کا آغاز حافظ عبید کی دل کو چھو لینے والی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس نے محفل کو روحانی کیفیت سے ہمکنار کیا۔
اس پروگرام میں بطور مہمان خصوصی سہیل امیر شیخ (رکن، ریاستی مشاورتی کونسل، (جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر) سہیل فرقان (ناظمِ ضلع، جماعت اسلامی ہند، بلڈا نہ) منوج گروجی (پروکتہ، گرو دیو آشرم، ناند ورہ) سریش دادا پیٹکر (صدر، پتر کار سنگھ، ناندورہ) ڈاکٹر سچن (HOD، شعبۂ فزکس، SPM کالج) نواز ضیاء (متولی، مرکز مسجد، ناندورہ) رفیق سیٹھ (صدر، ایجوکیشن ویلفیئر سوسائٹی، ناندورہ) ڈاکٹر جنید کامران (امیرِ مقامی، جماعت اسلامی ہند، ناندورہ) افتتاحی کلمات سہیل فرقان نے پیش کیے، جس میں انہوں نے اس پروگرام کے مقاصد، سماجی ہم آہنگی کی ضرورت، اور انسانی یکجہتی کے فروغ پر زور دیا۔
سریش دادا پیٹکر ، (صدر پترکار سنگھ) نے اپنی بات رکھتے ہوئے شہر ناندورہ میں جماعت اسلامی کے ہر سال منعقد کیے جانے والے عید ملن پروگرام کی سراہنا کی، ڈاکٹر سچن نے اپنی تقریر میں "سد بھاونا" کی تفہیم کرتے ہوئے بھائی چارے کی اہمیت پر خصوصی بات کی۔
صدارتی خطاب میں جناب سہیل امیر شیخ جلگاؤں نے موجودہ ملکی و عالمی حالات کے تناظر میں بین المذاہب مکالمے اور اسلامی اقدار کی روشنی میں معاشرتی امن و آشتی کی اہمیت پر مدلل گفتگو کی۔
پروگرام کے نظامت کے فرائض محسن خان نے بحسن و خوبی انجام دیے۔ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹاؤن ہال میں منعقدہ یہ پروگرام ناندورہ کی تاریخ میں اتحاد، محبت، اور بین المذاہب احترام کی ایک یادگار مثال بن کر ابھرا، جس نے مقامی سماج میں مثبت پیغام چھوڑا۔