مکہ: (آواز دی وائس)حج 2025 کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، اور اس سلسلے میں حجاج کرام کے آرام و سہولت کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ وادیٔ منیٰ، میدانِ عرفات اور مزدلفہ میں مختلف مقامات پر بیٹھنے اور آرام کرنے کی جگہیں بنائی جائیں گی تاکہ طویل فاصلہ طے کرنے والے حجاج کو بہتر سہولت میسر آ سکے۔

مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل نے حج انتظامات کے بارے میں دی گئی بریفنگ کے دوران بتایا کہ وادیٔ منیٰ میں 50 ہزار مربع میٹر پر محیط پیدل راستوں کو سایہ دار بنایا جا رہا ہے تاکہ دھوپ میں سفر کرنے والے حجاج کو سہولت حاصل ہو۔
اسی طرح جبل الرحمہ کے علاقے میں بھی 60 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر شیڈز (چھتریاں) نصب کی جا رہی ہیں، جبکہ پانی کی پھوار والے پنکھے بھی لگائے جا رہے ہیں تاکہ گرمی کی شدت کو کم کیا جا سکے۔ یہ اقدامات حجاج کی سہولت، راحت اور عبادات میں آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں، اور امید ہے کہ اس سے ان کے مقدس سفر کو مزید آسان بنایا جا سکے گا۔