کھام گاؤں (واثق نوید) بدلتے تعلیمی منظرنامے میں اساتذہ کی رہنمائی اور عصری ٹیکنالوجی سے ان کی ہم آہنگی کو مدنظر رکھتے ہوئے CPD-UMT، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ، حیدرآباد کے زیرِ اہتمام یک روزہ ورکشاپ بعنوان "اردو اساتذہ کے لیے اے آئی ٹولز" مسلم اردو ہائی اسکول آکولہ میں کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔
اس تعلیمی سرگرمی کا اہتمام AIITA آکولہ اور سہارا ایجوکیشن سوسائٹی، اورنگ آباد کے اشتراک سے کیا گیا۔
ورکشاپ کے کلیدی ریسورس پرسن پروفیسر ایم اے سمیع صدیقی (مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد) نے مصنوعی ذہانت کے تعلیمی استعمالات پر مفصل گفتگو کی۔
انہوں نے شرکاء کو نہ صرف جدید AI ٹولز سے متعارف کروایا بلکہ ان کے تدریسی استعمال میں رہنمائی بھی فراہم کی، جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔ جرار احمد نے اس ورکشاپ میں موصوف کی تکنیکی طور پر مدد کرکے ورکشاپ کو کامیاب بنایا۔
پروگرام کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ DIET آکولہ کی پرنسپل محترمہ رتن مالا کھڈکے اور پروفیسر شری شیلش پاٹل نے بذاتِ خود ورکشاپ کا دورہ کر کے شرکاء اور منتظمین کی حوصلہ افزائی کی ۔
تقریب میں AIITA آکولہ کے صدر ریاض الحق، سیکریٹری مسعود حسین، اور تلہارہ تعلقہ AIITA کے صدر امجد خان بھی شریک رہے۔ ضلع اور پڑوسی ضلع بلڈھانہ سے اردو اساتذہ نے بھرپور شرکت کر کے اس علمی نشست کو کامیاب اور یادگار بنا دیا۔