حیدرآباد ۔ 10 ۔ اپریل (سیاست نیوز) حج 2025 کے عازمین حج کی پروازوں کا 29 اپریل سے آغاز ہوگا اور 29 مئی تک عازمین کی پروازیں جاری رہیں گی۔
سعودی ایر لائینس کے عہدیداروں نے آج صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ سے ملاقات کی اور حج فلا ئیٹس کا عبوری شیڈول حوالے کیا۔ سعودی ایر لائینس کے عہدیداروں شریمتی آشا رانی ، سید ہدایت حسن ساجدی ، سیف شیخ اور دوسروں نے عازمین حج کو روانگی اور واپسی کے موقع پر دی جانے والی سہولتوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔
29 اپریل تا 13 مئی کے درمیان جملہ 7 قافلے روانہ ہوں گے جو حیدرآباد سے مدینہ منورہ پہنچیں گے جبکہ 16 مئی سے روانہ ہونے والے قافلے راست جدہ پہنچیں گے ۔ عبوری شیڈول کے مطابق 29 مئی کو آخری قافلہ روانہ ہوگا۔
صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا خسرو پاشاہ نے سعودی ایرلائینس کے حکام سے کہا کہ وہ عازمین کی روانگی اور واپسی کے موقع پر ایرپورٹ پر بنیادی سہولتوں کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرپورٹ پر ضروری امور کی تکمیل میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے تمام سرکاری محکمہ جات کو بہتر تال میل کے ساتھ خدمات انجام دینے کا مشورہ دیا ۔ اسی دوران حج کمیٹی آف انڈیا نے منتخب عازمین کیلئے حج مصارف کی آخری قسط ادا کرنے کی 9 اپریل تک مہلت دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ سے تقریباً 7500 عازمین کی روانگی کا امکان ہے ۔ تقریباً 2118 عازمین نے اپنا سفر لمحہ آخر میں منسوخ کرلیا ہے۔