کھام گاؤں (واثق نوید) ریاستی محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام منعقدہ اسکالرشپ امتحان کی تیاری کے لیے بلڈھانہ ضلع پریشد کی جانب سے دو مرحلوں میں مشقی امتحانات منعقد کیے گئے۔ ان امتحانات میں پیپل گاؤں راجہ کی ضلع پریشد اردو گرلز مڈل اسکول نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صد فیصد طلباء نے کامیابی حاصل کی اور پورے بلڈھانہ ضلع میں اول مقام حاصل کیا۔
اس غیر معمولی کامیابی پر ضلع پریشد چیف ایگزیکٹو افسر کے دالان میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں اسکول کے مدرس عبدالمنان عبدالطاہر کا خصوصی طور پر سند دے کر استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے صدر مدرس امیر اللہ خان اور کلاس ٹیچر عبدالمنان کو بھی مبارکباد دی گئی، جن کی انتھک محنت اور رہنمائی کے باعث طلباء نے یہ نمایاں کامیابی حاصل کی۔
تعلیمی ماہرین اور مقامی افراد نے اس کامیابی کو اردو میڈیم اسکولوں کے لیے خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اساتذہ اور طلباء اسی جذبے سے تعلیمی میدان میں آگے بڑھیں گے۔ طلباء کی اس کامیابی پر انہیں نیک تمناؤں اور دعاؤں سے نوازا جا رہا ہے۔