کھام گاؤں: (واثق نوید) سوتنتر باندھ کام لیبر یونین کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے موقع پر 500 سے زائد ضرورت مند مزدوروں میں راشن کٹ تقسیم کی گئی۔ یہ فلاحی مہم گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے اور اسی سلسلے میں 23 مارچ کو بھی مستحقین میں راشن تقسیم کیا گیا تھا۔
یونین کے صدر ڈاکٹر وقار احمد (ڈاکٹر خان) کی قیادت میں یہ تقریب کھام گاؤں کے برڈے پلاٹ میں ان کے گھر پر منعقد کی گئی، جس میں شہر کی معزز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ مستحق افراد کو رمضان المبارک کے لیے روزمرہ کی اشیاء اور عید کے لیے شیر خورمہ کا سامان فراہم کیا گیا، تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں۔
ڈاکٹر وقار احمد نے اس موقع پر کہا کہ "یہ فلاحی مہم کئی سالوں سے جاری ہے اور ہمارا مقصد ہے کہ کوئی بھی ضرورت مند شخص رمضان میں مشکلات کا شکار نہ ہو۔ ہم ہر ممکن کوشش کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ افراد تک مدد پہنچے۔"
مستحقین نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر وقار احمد اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ شہر کے مختلف طبقات نے بھی اس فلاحی مہم کو سراہتے ہوئے اسے ایک بہترین سماجی خدمت قرار دیا۔