مالیگاؤں (راست ) آج 26 رمضان المبارک 1446ہجری (ستائیسویں شب) بروزجمعرات (پنج شنبہ) بمطابق 27 مارچ 2025ء شب قدر کی مناسبت سے بعد نماز عشاء و تراویح, محفل ختم قرآن، ذکر و اذکار، توبہ و استغفار، صلوٰۃ السلام و دعائیہ مجلس کا انعقاد مسجد اہلسنت موسیٰ اشرفی، باغ محمود، مالیگاؤں میں ہو گا۔ جس میں حافظ محمد مدثر صاحب نماز تراویح میں ختم قرآن کی سعادت حاصل کریں گے اور پوری امت مسلمہ کے لئے خصوصی دعا کا اہتمام ہوگا۔
واضح ہو کہ حافظ محمد مدثر ابنِ رضوان ربانی نے مدرسہ عربیہ دارالعلوم حنفیہ سنیہ سے استاد الحفاظ حافظ شاہد رضا صاحب کی نگرانی میں اپنا حفظ مکمل کیا- بعدازاں مدرسہ تاج الشریعہ مصباح العلوم مدو بابا مسجد میں حافظ اظہار رضوی صاحب کی نگرانی میں قرآن پاک کا دور مکمل کرکے ایک نشست میں مکمل قرآن پاک سنانے کا شرف بھی حاصل کیا اور لگاتار دوسری مرتبہ مسجد موسیٰ اشرفی میں تراویح میں ختم قرآن کی سعادت سے بہرہ ور ہو رہے ہیں- آپ عصری تعلیم بارہویں مکمل کرنے کے بعد میڈیکل امتحان "نیٹ" کی تیاری میں بھی منہمک ہیں- شہر عزیز مالیگاؤں کے سماجی، فلاحی و تعلیمی خانوادہ، مرحوم الحاج بقرعیدی سردار و ریاض الدین ربانی ماسٹر فیمیلی کے چشم و چراغ حافظ محمد مدثر صاحب اپنی فیمیلی کے اولین حافظ ہیں- ہماری دعائیں و نیک خواہشات حافظ صاحب کے ساتھ ہیں-
آج عشاء کی جماعت ٨ بج کر ٣٠ منٹ پر ہوگی اور نماز تراویح کے بعد حافظ صاحب دعا فرمائیں گے بعد ازاں محفل ذکر و اذکار، توبہ و استغفار کے مسجد کے موذن طاہر صاحب کی دعا ہوگی اور بعد صلوٰۃ السلام کے امام مسجد حافظ مجاہد رضوی صاحب کی دعا ہوگی-
قبولیت دعا کی اس گھڑی میں مع دوست و احباب شرکت فرما کر فیضان قرآن و نماز، فیضان رمضان و شب قدر اور فیضان شب جمعہ سے فیضیاب ہوں- (خواتین اسلام کے لئے مسجد کے باہر پردے کا معقول نظم ہو گا) اسطرح کی اپیل و گزارش مسجد موسیٰ اشرفی کے ٹرسٹیان، ذمہ داران، امام و موذن و مصلیان مسجد نے کی ہے۔