کھام گاؤں(واثق نوید) نگر پریشد اُردو مڈل اسکول ناندورہ طلباء کے ہمہ جہت ارتقاء پر خصوصی توجہ دیتی ہے۔ اسی ضمن میں ہر سال سالانہ کھیلوں کے مقابلے ، سائنس اور کرافٹ کی نمائش ، فوڈ میلہ ، ڈرائنگ کا مقابلہ ، تعلیمی سیر ، تقریری و تحریری مقابلے اور سوشل گیدرنگ جیسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو نقد انعامات ،میڈلس اور ٹرافی سے سرفراز کیا جاتا ہے۔
اسی طرح کا ایک جلسہ تقسیم انعامات کا انعقاد بروز سنیچر کو کیا گیا۔ جس میں ملکاپور اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے راجیش بھاؤ ایکڑے بطور مہمان خصوصی موجود تھے۔ انھوں نے طلباء ،اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اسکول کے تئیں اپنی ذاتی تعلق کو بیان کیا۔ تلاوت قران پاک سے شروع ہوۓ اس جلسے میں پنجم جماعت کی طالبہ نے اپنی مسحور کن آواز میں نعت رسول کا نذرانہ پیش کیا۔
عتیق احمد سر نے اپنے افتتاحی کلمات میں اسکول کی سرگرمیوں اور نمایاں کاموں کو بیان کیا۔ اس جلسہ کی صدارت سینئر استاد کریم خان سر نے فرمائی۔ اس کے بعد اسپورٹس میں اول دوم اورسوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو میڈلس اور ٹرافی سے سرفراز کیا گیا۔ اس جلسہ میں سابق نگر سیوک مختار سیٹھ، مزمل فرقان، ایڈوکیٹ محتشم رضا،اور لالا بھاؤ انگڑے موجود تھے۔
پروگرام کی نظامت ذکااللہ شاہ نے کی۔ پروگرام کو کامیاب بنانے کےلئے محمد مشتاق سر ،عقیل احمد سر ، صدر معلمہ شاہدہ باجی جملہ اسٹاف نے خصوصی توجہ دی۔ سید اسماعیل سر کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام ہوا۔