ممبئی: (پریس ریلیز )
ممبئی کے بائیکلہ علاقے میں زیر تعمیر اردو لرننگ سینٹر کے تعطل کو ختم کرنے کے لئے سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر سے ایک خصوصی میٹنگ طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر کو ایک مکتوب لکھ کر بتایا کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 11 کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے اگری پاڑہ، بائیکلہ میں اردو لرننگ سینٹر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس کی تعمیر کا 43 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ فی الحال یہ کام تعطل کا شکار ہے۔ اس معاملے کو لے کر بامبے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کے تحت ایک عرضی دائر کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سنہ 2011 میں میونسپل کارپوریشن کے ذریعے آئی ٹی آئی سینٹر کے لئے 171 مربع میٹر کا پلاٹ 30 سال کے معاہدے پر لیز پر دیا گیا تھا.
مگر میونسپل انتظامیہ نے پلاٹ واپس لے لیا کیونکہ یہ استعمال نہیں ہو رہا تھا لہذا سنہ 2022 میں ایم وی اے حکومت کے دوران مذکورہ پلاٹ پر اردو لرننگ سینٹر کا کام شروع کیا گیا لیکن ملنڈ سے بی جے پی کے رکن اسمبلی نے اردو لرننگ سینٹر کو منسوخ کر کے وہاں آئی ٹی آئی سینٹر تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالانکہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے سرمائی اجلاس کے دوران ایوان اسمبلی میں یہ وضاحت پیش کی تھی کہ آئی ٹی آئی نے اس پلاٹ کا استعمال نہیں کیا جس کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن نے اس پلاٹ کو واپس لے لیا۔ رئیس شیخ نے بتایا کہ مقامی رکن اسمبلی اور شیوسینا کی رکن یامنی جادھو نے بھی اردو لرننگ سینٹر کی تعمیر کی حمایت کی ہے اور گزشتہ سرمائی اجلاس کے دوران ایوان اسمبلی میں آپ نے اس مسئلے کے سدباب کے لئے ایک میٹنگ طلب کرنے کی ہدایت دی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ فی الحال اردو لرننگ سینٹر کی تعمیر کا کام مکمل نہیں ہو سکا ہے اور یہ واضح نہیں ہے کہ تعمیرات پر کوئی تعطل برقرار ہے یا نہیں۔ دوسری بات یہ ہے کہ برسراقتدار جماعت کے اراکین کے درمیان اختلاف کی وجہ سے مقامی لوگ اردو لرننگ سینٹر سے محروم ہو رہے ہیں۔ انہوں کہا کہ یہ سینٹر عوام کے ٹیکس کے پیسے سے بنایا جا رہا ہے اور چند مہینوں میں مانسون آنے والا ہے لہذا زیر تعمیر پانچ منزلہ اردو لرننگ سینٹر اگر ویسا ہی رہا تو مانسون کے دوران یہ کھنڈر میں تبدیل ہو جائے گا۔ اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے خصوصی میٹنگ طلب کی جائے۔