کھام گاؤں (واثق نوید) بر ارتعلیمی کارواں کے زیر اہتمام گذشتہ برس پانچوں اضلاع میں مسابقتی امتحانات منعقد کئے گئے تھے جن کے بلڈھانہ ضلع کے تقسیم انعامات کا جلسہ انجمن ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کھام گاؤں ضلع بلڈھانہ میں انعقاد پذیر ہوا۔ مہمان خصوصی راجیہ سبھا کی ممبرمسز فوزیہ تحسین خان نے اس موقع پر کہا کہ دور جدید کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمارے بچوں کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کرنا بے حد ضروری ہے انھوں نے اردو تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم بلند کرنے کی ضرورت پر زور دے کر کہا کہ ہمارے اداروں کو سائنس تکنک اور انگریزی سکھانے پر خاص توجہ دینا لازمی ہو گیا ہے۔ صدر جلسہ خان محمد اظہر حسین نے کہا کہ برار کے پانچوں اضلاع اکولہ، بلڈھانہ، ایوت محل ، امراوتی اور واشم کے پنجم اور دہم کے ۳۲۰۰ طلباء و طالبات نے مقابلہ جاتی امتحان میں شرکت کی جن میں بلڈھانہ ضلع کے تقریبا ساڑھے آٹھ سو بچے شامل ہیں انھوں نے کہا کہ انعام یافتگان کو تقریباً 7 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر فوزیہ حسین خان ، خان محمد اظہر حسین، غنی غازی دلیپ کمار ساندا ڈاکٹر وقار الحق خان دیویندر دیشمکھ، مفتی اشفاق قاسمی موجودتھے۔
نظامت کے فرائض انس نبیل نے انجام دیئے جبکہ شکریہ کی رسم غنی غازی نے ادا کی۔ فوزیہ خان اور اظہر حسین نے مقابلہ جاتی امتحانات کی ضرورت پر زور دیا۔